لاہور: (دنیا نیوز) فیروز والہ تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ نظام پور ڈھاکہ میں منشیات فروخت کرنے سے منع کرنے پر جھگڑا، فائرنگ سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق، تین زخمی ہو گئے
پولیس کے مطابق علاقہ نظام پور ڈھاکہ میں مشہور زمانہ منشیات فروش بوٹا بٹ گروہ نے اندھا دھند فائرنگ کرکے سابق ناظم یونین کونسل کے بھانجے کو قتل جبکہ دو بھائیوں کو شدید زخمی کردیا، جنہیں میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔
منشیات فروشوں کی فائرنگ سے ایک راہگیر خاتون بھی جاں بحق ہو گئی۔ ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے علاقہ میں خوف وہراس پھیلا دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ڈی پی او شیخوپورہ نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ڈی ایس پی فیروز والہ سرکل کی نگرانی میں دو ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ نظام پور ڈھاکہ میں کئی سالوں سے منشیات فروشی کا دھندہ سرعام ہو رہا ہے اور بوٹا بٹ گروہ اپنے دروازوں کے سامنے سرعام چرس افیون اور ہیروئن فروخت کرتے ہیں۔
اس گروہ کو رنج تھا کہ پولیس کو ان کی بار بار شکایات سابق ناظم کے لوگ کر رہے ہیں۔ اس رنجش پر درجن سے زائد مسلح منشیات فروش گروہ نے جاوید چھرا، ثنا اللہ چھرا اور عثمان چھرا پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے عثمان چھرا جاں بحق ہو گیا جبکہ دیگر دونوں نوجوان زخمی ہو گئے ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجہ میں خاتون بھی جاں بحق جبکہ ایک مرد راہگیر بھی زخمی ہوا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مقتولین کی نعشیں مردہ خانے جمع کروا دی ہیں اور کارروائی شروع کر دی ہے۔