کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے پولیس میں ترمیم کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔ ہر کیس میں گرفتاری نہیں ہوسکے گی ۔ سندھ کابینہ اجلاس میں ترمیم کی منظوری کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے پولیس رولز میں ترامیم کا فیصلہ کرلیا۔ پولیس رولز 26 میں ترامیم کا مسودہ تیار کر لیا گیا، کل سندھ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ سنگین جرائم کے علاوہ دیگر عمومی مقدمات میں پولیس مبینہ ملزم کو گرفتار نہیں کرسکے گی۔
مقدمے کی تفتیش کے بعد ملزم کی گرفتاری کا فیصلہ ہو گا۔ گرفتاریوں سے متعلق پولیس کے اختیارات میں ترامیم کی جائیں گی۔ 20 سے زائد مختلف دفعات پر نامزد فرد کی فوری گرفتاری نہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ پولیس رولز 1934ء میں ترامیم کا مسودہ سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد نافذ العمل ہوگا۔
پولیس رول 26 میں ترمیم سے غیر ضروری گرفتاریوں کی حوصلہ شکنی ہو گی۔ غیر ضروری گرفتاریوں کو روکنے سے جیلوں میں انڈر ٹرائل قیدیوں کی تعداد میں بھی کمی آئے گی۔ گرفتاریوں سے متعلق پولیس کے اختیارات میں بھی ترامیم کی سفارش کی گئی ہے۔