کراچی: (دنیا نیوز) حکومت سندھ نے منشیات کے خلاف کمرکس لی، سندھ بھرمیں کریک ڈاؤن کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔
صوبائی وزیربرائے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کے زیر صدارت اجلاس ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے اچھے افسران پر مشتمل ٹیمیں بنائی جائیں گی، منشیات کے خلاف اب بڑے پیمانے پر موثرکریک ڈاؤن ہوگا۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو منشیات فروشوں کے چنگل سے نکالنا ہے، اچھی کارکردگی والے افسران کو انعامات و اعزازات سے نوازا جائے گا، روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں ہوں گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ منشیات کا جڑ سے خاتمہ یقینی بنانا ہے، منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے ساتھ نوجوان نسل کی آگہی کیلئے بھی کام کریں گے۔
اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز عاطف الرحمان، ڈی جی ایکسائز اورنگزیب پنہور، ڈی جی ایکسائز ایڈمن ریاض کھوسو اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔