کراچی: (دنیا نیوز) آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے میجر سعد شیخ شہید کے قاتلوں کی گرفتاری پر کراچی پولیس کو شاباش دی۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے پولیس ٹیم سے ملاقات کی، کریمنلز گینگ کیخلاف دلیرانہ کارروائی کا مظاہرہ کرنے پر انہیں تعریفی اسناد اور بنیادی تنخواہ بطور ریوارڈ دی۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس قابلیت اور تجربہ میں کسی سے پیچھے نہیں، آپ لوگ اسی طرح سنگین جرائم اور اس میں ملوث عناصر کی بیخ کنی کرتے رہیں، اس کارروائی سے سندھ پولیس کے حوصلے بلند ہوئے، ثابت ہوا سندھ پولیس تجربہ، محنت، صلاحیت اور مہارت میں کسی سے پیچھے نہیں۔
غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ کراچی کا امن خراب کرنے والے عناصر کیخلاف سخت اور مؤثر اقدامات ہر سطح پر یقینی بنائے جائیں، میجر سعد شیخ شہید کے قاتلوں کی گرفتاری سے مزید گروہوں کا پتہ لگائیں جو کراچی میں سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔