کچے کی پولیس چوکی سے کوئی ڈاکو پکے میں داخل ہوا تو اہلکاروں کو سزا دی جائیگی، آئی جی سندھ

Published On 08 April,2024 05:15 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ اگر کچے کی پولیس چوکی سے کوئی ڈاکو پکے میں داخل ہوا تو اہلکاروں کو سزا دی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ گندم کی آمد کے وقت آپریشن کا ایک ہی مقصد ہوتا ہے کہ اس وقت پانی نہیں ہوتا، پکے پر بیٹھے کچے کے ڈاکوؤں کے سہولت کار بڑے خطرناک ہیں جن کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کچے میں سوشل میڈیا کو بند نہیں کر سکتے، ہم نے سائبر کرائم کو ریفرنس بھیجے ہیں، کچے میں سی ٹی ڈی کو ٹاسک دیا گیا ہے وہ کام کر رہے ہیں کہ کچے میں اسلحہ کون پہنچا رہا ہے۔

غلام نبی میمن نے کہا کہ گھوٹكی کے پکے میں قبائلی دہشت گردی کی روک تھام میں ہم کوزیادہ فوکس کرنا پڑے گا، قبائلی جھگڑوں میں ملوث اور قتل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کچے میں آپریشن کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، کچے میں ہونے والے آپریشن میں ڈرون کا استعمال کیا گیا ہے. قومی شاہراہوں پر ڈکیتی ہونا پولیس کی کمزوری ہے، امن و امان کی بحالی میں پولیس کو کافی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے۔