لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور پولیس نے پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے ڈرون کیمروں سے مانیٹرنگ شروع کردی۔
سی سی پی او لاہوراور ڈی آئی جی آپریشنز کے احکامات کی روشنی میں سٹی ڈویژن پولیس نے پتنگ بازی کے خلاف جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا۔
تھانہ اسلام پورہ پولیس نے علاقے کے مختلف مقامات پر ڈرون کیمروں سے مانیٹرنگ کی، پتنگ بازوں کی گرفتاری کو یقینی بنانے کے لیے ڈرون کیمروں سے مدد لی گئی۔
ترجمان سٹی ڈویژن پولیس نے بتایا ہے کہ ایس ایچ او اسلام پورہ نے ڈرون کیمروں کی مدد سے علاقے کا پتنگ بازی کے حوالے سے جائزہ لیا، پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے جدید ڈرون ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
ایس پی سٹی قاضی علی رضا نے کہا ہے کہ پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے آگاہی مہم اور کارروائیاں جاری رکھیں گے۔