کراچی، لاڑکانہ، حیدر آباد میں پولیس کی کارروائیاں، سی ٹی ڈی اہلکاروں سمیت 10 گرفتار

Published On 06 April,2024 07:06 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی، لاڑکانہ اور حیدر آباد میں سندھ پولیس نے کارروائیاں کر کے سی ٹی ڈی اہلکاروں سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد کراچی میں شہری کے اغواء اور تشدد کا معاملہ ثابت ہونے پر 4 سی ٹی ڈی اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا، ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔

گلستان جوہر میں پولیس نے کارروائی کر کے 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا، ملزمان سے چھینے گئے 10 موبائل برآمد کر لیے، گرفتار ملزم سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھے، مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔

دوسری جانب لاڑکانہ میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران گولیاں لگنے سے 1 ڈاکو زخمی حالت میں پکڑا گیا، ملزم کی شناخت وحید کے نام سے ہوئی جسے تھانے منتقل کر دیا گیا۔

ادھر حیدرآباد میں 3 مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، زخمی ملزموں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ڈاکوؤں کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔