کراچی اور حیدر آباد میں پولیس مقابلوں کے دوران 2 زخمیوں سمیت 4 ملزم گرفتار

Published On 16 May,2024 06:36 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی اور حیدر آباد میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 زخمیوں سمیت 4 ملزموں کو حراست میں لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شریف آباد میں پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، پولیس نے گرفتار ملزم کو تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔

ادھر کراچی کے علاقوں ہنگورہ گوٹھ اور سائٹ سپر ہائی وے گڈاپ ٹاؤن میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائیاں کر کے 2 خطرناک ملزموں کو گرفتار کر لیا، ملزم ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے، ملزموں کے قبضے سے اسلحہ، موبائل اور نقدی برآمد کر لی۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان مویشی منڈی آنے جانے والے شہریوں سے لوٹ مار میں ملوث ہیں، ملزموں کی شناخت محمد عمر اور ذاکر اللہ کے نام سے ہوئی، محمدعمر عادی مجرم ہے جو پہلے بھی متعدد بار گرفتار ہو چکا، گرفتار ملزمان کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

دوسری جانب حیدر آباد کے علاقے تھانہ فورٹ کی حدود میں ریلوے دکہ کے قریب پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا جس کی شناخت خرم شہزاد کے نام سے ہوئی، ملزم متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔