شیخوپورہ: (دنیا نیوز) شیخوپورہ میں شوہر نے اپنے گھر والوں کے ساتھ مل کر بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے، عارف والا میں بھی خاتون کو قتل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شوہر کے ہاتھوں بیوی کے قتل کا افسوسناک واقعہ شیخوپورہ کے علاقے خانقاہ ڈوگراں میں پیش آیا جہاں سنگدل شوہر ظفر نے اپنی بیوی کو مبینہ طور پر زہر دے کر جان سے مار ڈالا۔
مقتولہ کی شناخت زلیخا کے نام سے ہوئی ہے، واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا۔
قتل کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے لواحقین کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزمان گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دیں جنہوں نے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کر دیئے۔
مقتولہ زلیخا کے بھائی نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ظفر میری بہن پر روزانہ تشدد کرتا تھا، مقتولہ ایک بچے کی ماں تھی، پولیس سے ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کرتا ہوں۔
دوسری جانب عارف والا کے علاقے تھانہ صدر کی حدود 27 ای بی میں شوہر نے ذاتی رنجش کی بناء پر فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کر دیا، مقتولہ کی شناخت نجمہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔
مقتولہ نجمہ بی بی مزدوری سے واپس گھر جا رہی تھی، فصل میں گھات لگائے خاوند نے فائرنگ کر دی جس کی وجہ سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گئی، نجمہ نے شوہر سے خلع کا دعویٰ کر رکھا تھا۔