ننکانہ صاحب: (دنیا نیوز) زمین کے تنازع پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کے ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ چکنمبر 17 کڑیال میں پیش آیا، زمین زیر قبضہ تھی جو ضلعی انتظامیہ ننکانہ نے آپریشن کرکے واہ گزار کروائی، ضلعی انتظامیہ آپریشن کرکے واپس آگئی کہ پیچھے سے مخالفین نے بٹ گروپ پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
فائرنگ سے بٹ گروپ کے 2 افراد موقع پر جاں بحق 3 شدید زخمی ہوگئے، جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا، ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
ڈی پی او ننکانہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی، انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیمیں تشکیل پولیس کے ریڈز جاری ہیں۔
ڈی پی او ننکانہ صاحب نے کہا کہ مقتولین کے ورثاء کے ساتھ غم میں برابر کے شریک ہیں، واقعہ میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیکر آر پی او قصور سے رپورٹ طلب کرلی، آئی جی پنجاب کا ڈی پی او ننکانہ کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے، قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔