ایف آئی اے کی کارروائی، شہریوں سے رقم ہتھیانے والے 4 ملزمان گرفتار

Published On 24 December,2024 11:31 am

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے صوبائی دارالحکومت لاہور سے شہریوں سے رقم ہتھیانے والے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے رابطہ آفس لاہور کے گارڈ اور سو یپر سمیت 4 ایجنٹس گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ وزارت خارجہ کے رابطہ آفس سے کرامت، عباس،ظفر ، عدنان کو گرفتار کیا گیا، تین ملزمان عبدالرحمن ، طیب اور رستم موقع سے فرار ہو گئے، ملزمان دستاویزات کی تصدیق کیلئے شہریوں سے رقوم بٹورتے تھے۔

ترجمان کے مطابق ملزمان سے مختلف دستاویزات، پاسپورٹس اور موبائل فون قبضے میں لے لیے گئے، ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز خان ورک کا کہنا ہے کہ ایجنٹ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں، سادہ لوح شہریوں سے رقوم بٹور نے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔