کراچی: (دنیا نیوز) ایف آئی اے امیگریشن کی کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی، ایجنٹوں اور سہولتکاروں سمیت 8 مسافر گرفتار کر لئے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافروں نے البانیا سے غیر قانونی طور پر سمندر کے راستے یورپ جانا تھا، گرفتار مسافروں میں عتیب الرحمان، قمر الدین، سعد فاروق اور محمد عادل شامل ہیں۔
گرفتار ایجنٹوں اور سہولتکاروں میں لیاقت علی، محمد الکریم، محمد عامر اور عبدالمقیت شامل ہیں، مسافروں نے یورپ جانے کے لئے انسانی سمگلرز کو مجموعی طور پر 1 کروڑ روپے دیئے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافروں کی نشاندہی پر ایجنٹوں اور سہولتکاروں کو ایئرپورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ایجنٹ انسانی سمگلنگ کا منظم گینگ چلا رہے تھے۔
گرفتار انسانی سمگلر شہریوں کو غیر قانونی طور پر سمندر کے راستے یورپ بھجوانے میں ملوث ہیں، گرفتار ایجنٹوں کا تعلق گجرات کے مختلف علاقوں سے ہے۔
منظم گینگ کے دیگر ساتھی سعودی عرب اور یونان سے انسانی سمگلنگ کا نیٹ ورک چلا رہے ہیں، مسافروں کے پاسپورٹ پر جعلی ویزے اور جعلی پروٹیکٹر سٹیمپ لگی ہوئی تھی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافروں سے جعلی ایئر لائن ٹکٹ، 2200 یورو، 20 امریکی ڈالر اور 11.5 ملین ایرانی ریال بھی برآمد ہوئے۔
ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا، ملزموںں سے مزید تفتیش جاری ہے۔



