لاہور میں غیر قانونی کال سینٹر پر این سی سی آئی اے کا چھاپہ، 8 ملزمان گرفتار

لاہور میں غیر قانونی کال سینٹر پر این سی سی آئی اے کا چھاپہ، 8 ملزمان گرفتار

این سی سی آئی اے ترجمان کے مطابق جعلی کال سینٹر کے ذریعے برطانوی شہریوں کو ٹیلی کام فراڈ کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ ملزمان اے ٹی اینڈ ٹی اور ویریزون جیسی معروف بین الاقوامی ٹیلی کام کمپنیوں کے نام استعمال کرکے شہریوں سے دھوکا دہی کرتے تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور کی ہدایت پر چھاپہ مارا گیا، کارروائی کے دوران 28 لیپ ٹاپ، 10 ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور 15 موبائل فونز سمیت مجموعی طور پر 53 ڈیجیٹل آلات برآمد کیے گئے۔

دوسری جانب چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے ڈائل اپ سافٹ ویئر اور مبینہ فراڈ سے متعلق ڈیٹا بھی برآمد ہوا، ابتدائی تفتیش کے مطابق طیب طارق اور آمنہ طارق کال سینٹر کے مالکان اور منیجرز ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) 2016 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔