خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے راولپنڈی اور اٹک میں کارروائیاں کرتے ہوئے چائلڈ پورنوگرافی اور کم عمر بچوں کو بلیک میل کرنے کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق اٹک میں ایک سرکاری ادارے کے سینیٹری ورکر نے متعدد کم عمر لڑکوں کے ساتھ غیر اخلاقی حرکات کرکے ویڈیوز تیار کیں، ملزم آن لائن گیمز کھیلنے والے کم عمر بچوں کو نشانہ بناتا اور انہیں گیمز کے لیے رقم دے کر اپنے جال میں پھنساتا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم مقروض بچوں کے ساتھ غیر اخلاقی حرکات کرکے ویڈیوز بناتا اور بعد ازاں انہیں بلیک میل کرتا تھا، سائبر کرائم ایجنسی نے بلیک میلنگ کا شکار پانچ بچوں کی شناخت کر لی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کی جانب سے ویڈیوز ڈارک ویب پر فروخت کیے جانے کے شبے میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب راولپنڈی میں 14 سالہ لڑکی کو ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرنے والا گروہ پکڑا گیا، ذرائع کے مطابق گروہ کم عمر لڑکوں پر مشتمل تھا جنہوں نے ہیپی موڈ کے نام سے واٹس ایپ گروپ بنا رکھا تھا۔
کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ان کے موبائل فونز کا فرانزک آڈٹ جاری ہے۔