لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان کا سٹیج اداکاروں سے متعلق متنازعہ بیان، اداکارہ نرگس کے اعتراض پر معافی مانگ لی، اداکارہ میگھا نے ایک گھنٹے میں معافی نہ مانگنے کی صورت میں قانونی کارروائی کی دھمکی دے دی۔
سٹیج اداکارہ میگھا کا کہنا ہے کہ اگر صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اپنے نازیبا بیان پر ایک گھنٹے میں معافی نہ مانگی تو پانچ کروڑ ہتک عزت کا دعوی دائر کروں گی۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ صوبائی وزیر کے بیان کا نوٹس لیں، یہ کیسے ثقافت کے وزیر ہیں جو خواتین آرٹسٹوں کی کردار کشی کر رہے ہیں۔
اس سے قبل وزیراطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان کے بیان پر اداکارہ نرگس نے کہا کہ میں شوبز کو مکمل طور پر خیرباد کہہ چکی ہوں۔ اپنے گھر میں سکون سے زندگی گزار رہی ہوں، کسی کی بات کرتی ہوں نہ چاہتی ہوں کہ میرے متعلق بات کرے۔ وزیراطلاعات پنجاب کا بیان سنا ہے، انہیں اپنے الفاظ کا چناؤ عہدے کے مطابق کرنا چاہیے، کسی گھر بیٹھی خاتون کے بارے میں ایسے الفاظ استعمال نہ کریں۔ آئندہ احتیاط کریں، ورنہ ہر عزت دار شخص قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
اداکارہ نرگس کے اس بیان کے بعد فیاض الحسن چوہان نے ان سے معافی مانگ لی تاہم انہوں نے معافی میں اداکارہ میگھا کو شامل نہیں کیا جس پر اداکارہ نے قانونی کارروائی کا عندیا دیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت روز فیاض الحسن چوہان نے پنجابی کمپلیکس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "تھیٹر دا کھسم کون ایں" تے تھیٹر دا مائی باپ کون اے کسی نوں پتا ای نئی۔ میری رینج میں تھیٹر آئے تو پھر میں آپ کو بتاتا کہ ادارکارہ نرگس کو حاجی نرگس نہ بنا دیتا تو آپ کہتے، اداکارہ میگھا کو 30 روزوں کی بجائے تین ماہ کے روزے نہ رکھواتا تو آپ کہتے، سب کو راہ راست پہ لے آؤں گا، ایک ماہ میں کلچر انڈسٹری کو ہر غلاظت سے پاک کروں گا۔