پاکستان اور عوام سے محبت کرتا ہوں: ’ارطغرل غازی‘

Published On 19 September,2020 04:53 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ترک ڈرامہ ’ارطغرل غازی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اینگن ذوالتان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام کی محبت سے بخوبی آگاہ ہوں، مستقبل قریب میں پاکستان ضرور جاؤں گا۔ پاکستان اور پاکستانی عوام سے محبت کرتا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ترکی کے ڈراموں کی نمائش کوئی نئی بات نہیں۔ ماضی میں بھی کئی ترک ڈرامے پیش کیے جاتے رہے ہیں لیکن جو شہرت  ارطغرل غازی  کو مل رہی ہے، وہ بے مثال ہے۔

رواں سال کے ابتدائی مہینوں میں پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل  پی ٹی وی ہوم  سے نشر ہونے والے ڈرامے  ارطغرل غازی  کو پہلی ہی قسط سے عوامی پذیرائی ملنی شروع ہو گئی تھی اور آج یہ ڈرامہ شہرت کی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔

اس کی شہرت کا اندازہ اس سے بھی بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کے عوام ترک فن کاروں کی پاکستان میں آمد کے منتظر ہیں۔ شہرت کے سبب ہی اس ڈرامے کے مختلف فن کاروں کو پاکستان سے ماڈلنگ اور تشہیری پراجیکٹس میں کام کرنے کی متعدد پیشکشیں ہو رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عظیم مسلمان ہیرو ارطغرل غازی کون تھے؟

جن فن کاروں کی پاکستان میں آمد کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے، اُن میں  ارطغرل غازی  کا مرکزی کردار ادا کرنے والے فن کار  اینگن التان  نمایاں ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں اینگن التان کا کہنا تھا کہ سراہا جانا کسی بھی فن کار کے لیے بہت خوش گوار تجربہ ہوتا ہے۔ میں اپنے بے شمار پاکستانی مداحوں کی محبت کو حد درجہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں اور ان کا احترام کرتا ہوں۔

 ارطغرل غازی  کی مقبولیت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر ڈرامے کی مقبولیت کی کئی وجوہات ہیں، جیسے فن کاروں کی شاندار پرفارمنس، متاثر کُن کہانی، بہترین ڈائریکشن اور پراجیکٹ سے وابستہ ہر فرد کی انتھک محنت اور کام سے لگن۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہر پراجیکٹ کی اپنی مشکلات اور مسائل ہوتے ہیں اور انہی مشکلات و مسائل پر قابو پانے کے بعد ہی اس کا صلہ ملتا ہے۔

ترک اداکارہ نے کہا کہ وہ بخوبی آگاہ ہیں کہ  ارطغرل غازی  کی مقبولیت کے بعد پرستاروں کی اُن سے وابستہ توقعات بڑھ گئی ہیں، اس لیے وہ کوشش کریں گے کہ پرستاروں کے معیار پر ہمیشہ پورا اُتریں۔

اینگن کا کہنا تھا کہ وہ نہ صرف جلد پاکستان جانے کے خواہش مند ہیں بلکہ پچھلے دنوں اسلام آباد میں ایک تعمیراتی پراجیکٹ کی تقریبِ رونمائی کے لیے وہ پاکستان جانے والے تھے لیکن کچھ ذاتی معاملات کی وجہ سے نہ جا سکا۔

اینگن نے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام کی محبت سے بخوبی آگاہ ہیں، اس لیے مستقبل قریب میں کسی اور موقع پر پاکستان ضرور جائیں گے۔ اُن کے بقول وہ بھی پاکستان اور پاکستان کے عوام سے محبت کرتے ہیں۔

 ارطغرل غازی  کے فن کاروں نے پاکستان اور اس کے عوام سے اظہارِ محبت کے لیے ہی سوشل میڈیا کے ذریعے عید اور یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پاکستانی پرستاروں کے لیے اردو میں پیغامات بھی بھیجے تھے جنہیں پاکستان کے عوام میں خوب پذیرائی ملی تھی۔

Advertisement