لندن: (روزنامہ دنیا) اطالوی اداکارہ و ہدایتکارہ ایشیا ارجینٹو نے ہالی وڈ فلم فاسٹ اینڈ فیوریئس کے ڈائریکٹر راب کوہن پر ریپ کا الزام عائد کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایشیا ارجینٹو نے اطالوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کوہن نے انھیں نشہ آور چیز پلائی جس سے وہ بے ہوش ہوگئیں، اس کے بعد جب صبح کے اوقات میں ہوش آیا تو وہ برہنہ حالت میں تھیں۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب وہ فلم ٹرپل ایکس کی شوٹنگ میں مصروف تھیں۔
دوسری جانب راب کوہن کے ترجمان نے کہا کہ الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ راب نے اپنے اوپر لگائے گئے جنسی زیادتی سے متعلق تمام الزامات مسترد کردیئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق راب اور ایشیا کے مابین دوستانہ تعلق رہا اورہدایتکار اب بھی اداکارہ کو اچھادوست سمجھتے ہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ہالی وڈاداکاراوں سمیت خواتین نے کچھ سال قبل "می ٹو" مہم چلائی تھی جس میں جنسی زیادتی کی شکار خواتین نے چپ سادھنے کی بجائے ریپ کرنے والوں کا نام دنیا کے سامنے لا نے کا قدم اٹھایا تھا۔ اداکارہ ایشیا ارجینٹو بھی جنسی ہراسانی کے خلاف آواز اٹھانے والوں میں شامل رہی ہیں۔