لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) لاس اینجلس میں گولڈن گلوب ایوارڈز کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں شوبز ستاروں کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی، فلمی دنیا کی اس باوقار تقریب میں مختلف کیٹیگریز کے فاتحین کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔
اس رنگارنگ تقریب میں’ہیمنٹ‘ کو بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ ڈرامہ فلم ’دی سیکریٹ ایجنٹ ‘ میں شاندار اداکاری پر ویگنر مورا بہترین اداکار قرار پائے، اسی فلم میں متاثر کن کردار نبھانے پر جیسی بکلی بہترین اداکارہ کا ایوارڈ لے اڑیں۔
ٹیلی ویژن کیٹیگری میں ڈراما سیریز ’دی پٹ‘ کو سال کی بہترین ڈراما سیریل قرار دیا گیا، اس کے علاوہ کم عمر اداکار اوون کوپر کو سیریز’ایڈولیسنس‘ میں جیمی ملر کے غیرمعمولی کردار پر بہترین کارکردگی کا ایوارڈ ملا۔

گولڈن گلوب ایوارڈز کی یہ تقریب نہ صرف ایوارڈز بلکہ گلیمر، فیشن اور فن کے حسین امتزاج کا مظہر بھی بنی۔
ہالی وُڈ کے نوجوان اداکار اوون کوپر نے اپنی شاندار اداکاری کے لیے ایک اور اہم سنگ میل عبور کیا ہے اور گولڈن گلوب ایوارڈ جیت کر تاریخ رقم کر دی ہے۔
16 سالہ اوون نے ٹیلی ویژن میں بہترین معاون کردار کے ایوارڈ کے لیے نامزدگی کو فتح میں بدل دیا، انہیں یہ اعزاز سیریز ”ایڈولیسنس“ میں جیمی ملر کے کردار میں بہترین کارکردگی پر ملا۔
ایوارڈ وصول کرنے کے بعد سٹیج پر آتے ہوئے اوون کوپر نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ لمحہ واقعی خواب جیسا محسوس ہوتا ہے، گولڈن گلوب کے ساتھ یہاں کھڑا ہونا حقیقت لگتا ہی نہیں، یہ سفر میرے اور میرے خاندان کے لیے ناقابل یقین رہا ہے۔

گولڈن گلوب صرف ایک ایوارڈ نہیں بلکہ ہالی وُڈ میں معیار اور پہچان کی علامت ہے، یہ ان اداکاروں، ہدایتکاروں اور ٹیلی ویژن سٹارز کو دیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی فنکارانہ مہارت سے ناظرین کو متاثر کیا ہو، یہ ایوارڈ ہر سال جنوری میں دیا جاتا ہے اور اسے ہالی وُڈ فارن پریس ایسوسی ایشن کے ارکان منتخب کرتے ہیں، جو دنیا بھر کے صحافی ہیں اور ہالی وُڈ کی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کا احاطہ کرتے ہیں۔



