لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اور خوبرو اداکارہ اور ماڈل صدف کنول نے فیمنز پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اتنا کہنا چاہتی ہوں بیوی کو شوہر کی تمام ضروریات اور چیزوں کا علم ہونا چاہیے۔ ان کے اس رد عمل پر سوشل میڈیا پر چرچے ہونے لگے ہیں۔
اداکارہ نے شوہر شہروز سبزواری کے ہمراہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں پر دونوں ازدواجی زندگی سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی۔ پروگرام کے دوران صدف کنول نے تسلیم کیا کہ جب 2017ء میں انہوں نے آئٹم سانگ کیا تھا تو وہ کم عمر تھیں لیکن اب بڑی ہو چکی ہوں اور دوبارہ ایسا نہیں کروں گی۔
واضح رہے کہ صدف کنول نے 2017ء کی بلاک بسٹر فلم ’نامعلوم افراد 2‘ آئٹم گانا ’کیف و سرور‘ کیا تھا، جسے کافی سراہا گیا تھا، ساتھ ہی ان کے لباس اور بولڈ انداز پر تنقید بھی کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ کم عمری میں لوگ وہ لباس بھی پہنتے ہیں جو نہیں پہننا چاہیے اور وہ کام بھی کرتے ہیں جو نہیں کرنا چاہیے، اس لیے اب وہ سمجھدار ہوگئی ہیں اور دوبارہ آئٹم سانگ نہیں کریں گی۔
پروگرام میں صدف کنول نے عورت مارچ کے معاملے پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ معاملے پر بحث نہیں کروں گی تاہم اتنا کہنا چاہتی ہوں بیوی کو شوہر کی تمام ضروریات اور چیزوں کا علم ہونا چاہیے۔ بیوی ہونے کے ناطے ہر خاتون کو معلوم ہونا چاہیے کہ ان کے شوہر کے کپڑے کہاں ہوتے ہیں، ان کے شوہر کی کیا ضروریات ہیں اور یہ کہ وہ ان ساری چیزوں کا خیال رکھتی ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ ملکی سماجی روایات اور ثقافتیں ہیں کہ خاتون کو شادی کرنی ہوتی ہے، شوہر ہوتا ہے اور بیوی ہونے کے ناطے عورت کو شوہر کے کپڑے بھی استری کرنے ہوتے ہیں تو جوتے بھی اٹھانے پڑتے ہیں۔ اگرچہ وہ شوہر کے کپڑی استری نہیں کرتیں اور نہ ہی انہیں جوتے اٹھاکر دیتی ہیں مگر معلوم ہے کہ شوہر کو کب، کس وقت کون سی چیز کی ضرورت ہوتی ہے اور ایسا علم ہر خاتون کو ہونا چاہیے۔
صدف کنول کے مطابق یہ غلط ہے کہ عورتیں مظلوم ہیں اور وہ خود کو مظلوم اور کمزور نہیں سمجھتیں اور انہیں یقین ہے کہ دوسری خواتین بھی اپنے متعلق ایسا ہی سمجھتی ہوں گی۔
خیال رہے کہ صدف کنول اور شہروز سبزواری نے مئی 2020 میں شادی کی تھی، اس سے قبل دونوں کے درمیان تعلقات کی خبریں تھیں۔
شہروز سبزواری نے بتایا کہ ان کی جانب سے صدف کنول سے دوسری شادی کرنے کے فیصلے پر ان کے دوستوں نے بھی کوئی اعتراض نہیں کیا اور کسی نہ کوئی غلط بات نہیں کی۔
انہوں نے پہلی اہلیہ سائرہ یوسف سے طلاق کے معاملات پر کھل کر وضاحت نہیں کی، تاہم بتایا کہ وہ ان کی مرتے دم تک عزت کرتے رہیں گے۔