ممبئی: (ویب ڈیسک) باربی ڈول کترینہ کیف کی شادی جہاں خوشیاں بکھیرے گی وہاں اس میں شریک مہمانوں کو کچھ اصولوں پر سختی سے عمل کرنا ہو گا کیونکہ عملدرآمد کیلئے سکیورٹی ٹیم ہمہ وقت مہمانوں کے سر پر موجود ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق کترینہ کیف اگلے ماہ وکی کوشل کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گی جس کیلئے زوروشور سے تیاریاں جاری ہیں تاہم بالی وڈ شادی تقریبات میں گذشتہ کچھ عرصے سے نئے ٹرینڈ کااضافہ دیکھا گیا ہے کہ شادی تقریبات کا مقام ایسے خفیہ رکھا جاتا ہے جیسے کسی سکیورٹی ایجنسی کی کوئی میٹنگ ہو۔
کترینہ اور کوشل نے جہاں اپنی شادی کی تفصیا ت سے متعلق میڈیا تک کو ہوا نہیں لگنے دی، وہاں مہمانوں کیلئے بھی کچھ خاص اصول وضع کئے ہیں جن میں سرفہرست یہ ہے کہ مہمان کسی قسم کی ویڈیو یا تصویر نہیں بنا سکتے، ورنہ انہیں کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، ویسے تو یہ عام سی بات ہے مگر شادی کرنیوالے جوڑے کیلئے یہ کس قدر سنجیدہ نوعیت کا معاملہ ہے اس کا اندازہ اس طرح لگایا جا سکتا ہے کہ باقاعدہ ایک سکیورٹی ٹیم ہائر کی گئی ہے جو خصوصی نگرانی کرے گی کہ کوئی جوڑے یا تقریب کے کسی موقع کی ویڈیو یا تصویر نہ بنانے پائے، ورنہ مہمانوں کو لینے کے دینے پڑ سکتے ہیں۔