اپنے دور میں آج کل کی ہیروئنز سے بہت زیادہ اچھی نظر آتی تھی، نینا گپتا

Published On 07 January,2026 07:20 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کی سینئر اداکارہ نینا گپتا نے کہا ہے میں اپنے عہد میں آج کل کی بہت سی ہیروئنز کے مقابلے میں بہتر کام کر سکتی تھی اور دیکھنے میں بھی زیادہ اچھی نظر آتی تھی۔

1980ء کے عشرے کی ابتدا میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی 66 سالہ بالی وڈ اداکارہ نینا گپتا نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے کیریئر کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر اظہار افسوس کیا کہ وہ اپنے عروج کے زمانے میں کبھی کمرشل ہندی فلموں میں ہیروئن کا کردار ادا نہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود ان کا طویل کیریئر شاندار رہا جو سنیما سے شروع ہو کر 1990ء کی دہائی میں کیبل ٹی وی کے عروج اور حالیہ دور میں انہوں نے کمرشل فلموں میں کامیابی بھی دیکھی، تاہم وہ محسوس کرتی ہیں کہ وہ اس سے بھی زیادہ بہتر کام کر سکتی تھیں۔

میزبان نے سوال کیا کہ ان کے خیال میں ان سے ایسی کیا غلطی ہوئی جو وہ اصل مقام حاصل نہ کرسکیں؟ تو اس پر سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ میری اپنی غلطی تھی کیونکہ میں ہمیشہ صبر سے کام نہیں لیتی تھی، میں غلط چیزوں کی تلاش میں رہی، زیادہ تر وقت میں نے خود پر بھروسہ نہیں کیا اور انہی عوامل نے میری ترقی میں رکاوٹ ڈالی۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ اس کے علاوہ میری رہنمائی کیلئے کوئی موجود نہیں تھا، نہ کوئی گاڈ مدر اور نہ ہی گاڈ فادر، آخرکار مجھے یہ احساس ہوا کہ یہ انڈسٹری ایک بزنس ہے، اس میں کوئی جذباتی عنصر شامل نہیں، بس میں ہی اس کے اصولوں اور کھیل کو سمجھ نہیں پائی۔