رنویر سنگھ کا 2 سال بعد ’ڈان 3‘ میں کام کرنے سے انکار

Published On 23 December,2025 08:57 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی میڈیا دعویٰ کررہا ہے کہ بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ نے معروف فلمی سیریز ڈان کی اگلی فلم 'ڈان 3' میں کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

2023 میں اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر فرحان اختر نے اپنی نئی فلم ڈان 3 کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی جگہ اس بار رنویر سنگھ ڈان کے روپ میں نظر آئیں گے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس میں ایک پوسٹ میں فرحان اختر نے بتایا کہ ڈان 3 میں شاہ رخ خان کی جگہ رنویر سنگھ لیں گے اور فلم کی شوٹنگ جلد شروع ہوگی، تاہم فلم کے اعلان کے 2 سال بعد اب رنویر سنگھ کی جانب سے ڈان 3 چھوڑنے کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق اس معاملے کے حوالےسے قریبی ذرائع نے بتایا کہ فلم دھریندر کی زبردست کامیابی کے بعد رنویرسنگھ سنجے لیلا بھنسالی، لوکیش کنگراج جیسے فلم سازوں کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں اور ساتھ ہی وہ مسلسل گینگسٹر کے کرداروں میں نظر نہیں آنا چاہتے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دھریندر کی ریلیز کے فوراً بعد رنویر کو ڈان 3 کی شوٹنگ کا آغاز کرنا تھا، لیکن موجودہ صورتحال کے پیش نظر اس فلم کو فی الحال مؤخر کر دیا گیا ہے، رنویر سنگھ نے ڈان 3 پر اپنے دیگر منصوبوں کو ترجیح دینے کا فیصلہ ہے۔

واضح رہے کہ رنویر سنگھ کے ڈان 3 میں کام کرنے سے انکار کے حوالے سے فی الحال رنویر یا فلم کے پروڈیوسر کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔