ممبئی: ( ویب ڈیسک ) بھارتی اداکارہ ریچا چڈھا کو اپنی ہی فوج کا مذاق اڑانے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کیا کہ ہندوستانی فوج پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کو واپس لینے کے لیے تیار ہے۔
اداکارہ نے گلوان کا حوالہ دیتے ہوئے بیان پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گلوان آپ کو ہائے کہہ رہا ہے۔
اسی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی کے منجندر سنگھ سرسا نے ٹویٹ کیا شرمناک ٹویٹ، جلد از جلد واپس لیا جائے، ہماری مسلح افواج کی توہین جائز نہیں ہے۔
جلد ہی ریچا سوشل میڈیا کی زد میں آگئیں کیونکہ ٹویٹر پر لوگوں نے اداکارہ کو ہندوستانی فوج کا مذاق اڑانے اور ہندوستان اور چین کے درمیان 2020 کے گلوان تصادم میں جوانوں کی قربانی کو حقیر قرار دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے اس بیان کے تناظر میں ایک بیان جاری کیا کہ ہندوستان کا مقصد پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر پر دوبارہ دعویٰ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے ابھی جموں و کشمیر اور لداخ میں ترقی کا سفر شروع کیا ہے، اطلاعات کے مطابق جب وہ گلگت اور بلتستان پہنچیں گے تو اپنا مقصد حاصل کر لیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فوج ہمیشہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہے کہ جنگ بندی مفاہمت کو کبھی نہ توڑا جائے کیونکہ یہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے لیکن اگر کسی بھی وقت ٹوٹا تو ہم انہیں منہ توڑ جواب دیں گے۔
بعدازاں تنقید کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اداکارہ ریچا چڈھا نے اپنے ٹویٹ پر معافی مانگ لی۔
— RichaChadha (@RichaChadha) November 24, 2022