لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کوریئر کمپنیوں کے فراڈ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، آن لائن آرڈر کرنے پر لیجنڈ اداکار راشد محمود کے ساتھ نجی کمپنی نے ’’ہاتھ‘‘ کر دیا۔
معروف پاکستانی اداکار راشد محمود نے آن لائن منی ڈرون کیمرے کا آرڈر دیا جس کی جگہ جگہ ڈیڑھ سو کا پرفیوم بھیج دیا گیا۔
راشد محمود نے کورئیر کمپنی اور آن لائن کمپنی کے خلاف درخواست دے دی، اداکار کا کہنا تھا کہ تمام لوگ آن لائن فراڈیوں سے بچ کر رہیں۔
واضح رہے کہ راشد محمود پاکستان فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے ایک سینئر اداکار ہیں جنہوں نے بے شمار پاکستانی ڈراموں اور فلموں میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کئی بار آن لائن آرڈر کی گئی چیز کے بدلے لوگوں کو مختلف اشیاء موصول ہوتی رہیں جیسے ایک بھارتی شہری کو آئی فون موبائل کا آرڈر کرنے پر برتن دھونے والا صابن ملا تھا۔
دوسری جانب ایپل میک بک پرو آن لائن آرڈر کرنے والے برطانوی شہری کو کمپنی کی جانب سے ڈاگ فوڈ بھیج دیا گیا تھا۔