ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت میں منی لانڈرنگ کیس کے ملزم سکیش چندر شیکھر نے کہا ہے کہ ڈانس گرل نورا فتحی اداکارہ جیکولین فرنینڈس سے حسد کرتی ہے۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق سکیش چندر شیکھر نے اپنے بیان میں کہا کہ نورا فتحی مجھے جیکولین فرنینڈس کے خلاف ورغلاتی تھی تاکہ نورا کو اپنی گرل فرینڈ بنا لوں، نورا مجھے دن میں کم از کم دس مرتبہ فون کرنے کی کوشش کرتی تھی اور اگر میں ان کا فون نہ اٹھاتا تو وہ مسلسل کال کرتی رہتی۔
خیال رہے کہ دو دن قبل نورا فتحی نے منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت کے دوران عدالت میں بیان دیا کہ سکیش چندر شیکھر نے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ ان کی گرل فرینڈ بن جائے تو وہ انہیں بڑا گھر اور بہترین لائف سٹائل دیں گے۔
نورا فتحی کے بیان کے بعد سکیش چندر شیکھر نے بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ جیکولین فرنینڈس کے ساتھ رومانوی تعلق میں ہونے کے باعث وہ نورا فتحی کو نظر انداز کر رہے تھے لیکن نورا انہیں تنگ کرتی رہتی تھی۔
نورا اپنے رشتہ دار کیلئے میوزک کمپنی بنانے میں مجھ سے مدد مانگ رہی تھی، مجھے اپنے پسندیدہ بیگ اور جیولری کی تصویریں بھجواتی رہتی تھی جو میں نے بعد میں لے کر بھی دیئے، جنہیں وہ ابھی تک استعمال کر رہی تھی، نورا سے کسی ایک بیگ کا بل مانگا جائے جو وہ منظر عام پر نہیں لا سکے گی۔
واضح رہے سکیش چندر شیکھر پر 215 کروڑ بھارتی روپے کی منی لانڈرنگ اور فراڈ کا الزام ہے، تاہم ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ کی جانب سے نورا فتحی پر بھی الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے سکیش چندر شیکھر سے گاڑیاں، ہیرے اور قیمتی بیگز تحفے میں لیے تھے۔