کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کی آسکرز کیلئے نامزد فلم 'جوائے لینڈ' جلد بھارتی سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جوائے لینڈ سنڈینس فلم فیسٹیول میں امریکی پریمیئر کے بعد روایتی تھیٹر ریلیز کے لیے بھارت سمیت دنیا بھر کا سفر کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جوائے لینڈ کی پروڈکشن ٹیم نے اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ فلم دیگر ممالک سمیت بھارت میں بھی نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
ہدایتکار صائم صادق کی فلم جوائے لینڈ ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد پڑوسی ملک بھارت میں نمائش کیلئے پیش کی جانے والی پہلی فلم بن جائے گی۔ اس سے قبل 2011 میں شعیب منصور کی فلم ’بول‘ کو بھارت میں ریلیز کیا گیا تھا۔
اداکار و ہدایتکار رض احمد اور نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی فلم کی ایگزیکٹو پروڈیوسرہیں جبکہ جوائے لینڈ کی کاسٹ میں ثانیہ سعید، ثروت گیلانی، رستی فاروق، سلمان پیرزادہ اور سہیل سمیر شامل ہیں۔