ممبئی : ( ویب ڈیسک ) بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ شبانہ اعظمی نے پاکستانی اداکارہ سجل علی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سجل بہت پیاری ہے، میرا دل کرتا ہے کہ اسے پکڑ کے رکھوں اور کہیں جانے نہ دوں۔
حالیہ انٹرویو میں معروف بھارتی اداکارہ نے فلم ’’ واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ ‘‘ میں سجل علی کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ سجل کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا، یہاں تک کہ میرے اور سجل کے درمیان عمر کے فرق کے باوجود بھی ہم دونوں میں بہترین دوستی ہوگئی۔
شبانہ اعظمی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے اور دونوں پڑوسی ممالک مل کر اچھی فلمیں پروڈیوس کرسکتے ہیں، میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مشترکہ پروڈکشن سے بننے والے پراجیکٹس کے حق میں ہوں، کرکٹ کے بجائے سنیما پاکستان اور بھارت کو زیادہ قریب لاسکتا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ فن کے ذریعے ملکوں میں سماجی تبدیلی لائی جاسکتی ہے اور سنیما کے ذریعے یہ کام اور بھی آسانی سے ممکن ہے۔