ترکش فنکاروں نے زلزلہ متاثرین کیلئے 6 ارب ڈالر سے زائد رقم جمع کرلی

Published On 17 February,2023 07:12 pm

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکیہ کی شوبز انڈسٹری کے فنکاروں نے ایک امدادی مہم میں زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے چھ ارب ڈالر سے زیادہ رقم جمع کرلی۔

’ترکی ون ہارٹ‘ کے نام سے مہم میں ملک کے آٹھ قومی نشریاتی اداروں نے حصہ لیا اور مشہور شوبز ستاروں کے ذریعے عطیات جمع کیے گئے۔

ملک گیر فنڈ ریزنگ مہم میں ملک بھر کے لاکھوں افراد نے حصہ لیا تاکہ خوفناک زلزلے سے بچ جانے والے افراد کی بحالی میں اپنا حصہ بھی ڈال سکیں اور ان کی مدد کرسکیں، سات گھنٹوں پر محیط لائیو مہم کی میزبانی میں شہرہ آفاق ترکی ڈراموں ’ارطغرل‘ اور ’کورلوس عثمان‘ کے فنکار نمایاں تھے۔

ترکی کی ٹیلی کام کمپنیوں کو امداد کیلئے 90 لاکھ سے زیادہ موبائل پیغامات بھی بھیجے گئے اور مختلف افراد نے تحفوں کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر ترکیہ صدر رجب طیب اردگان نے بھی فون کے ذریعے مہم میں حصہ لیا اور انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم تمام زلزلہ متاثرین کو ایک برس کے اندر بحال کردیں گے۔
 

Advertisement