انقرہ: (ویب ڈیسک)گزشتہ ہفتے ترکیہ میں آنے والے ہولناک زلزلے میں معروف ترک سیریز کورولش عثمان میں اہم کردار نبھانے والے اداکار جاگدس جنکایا اپنی اہلیہ زلان ٹگرس سمیت ملبے تلے دب کر جان کی بازی ہار گئے۔
پروڈکشن کمپنی بوزداغ فلم کی جانب سے انسٹاگرام پر جاگدس اور ان کی موسیقار اہلیہ زلان کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔
پروڈکشن کمپنی کی جانب سے دونوں کی تصویر شیئر کی گئی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا گیا کہ اداکار جاگدس جانکایا اہلیہ سمیت ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے جب کہ ساتھ ہی ان کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی گئی۔
جاگدس جانکایا نے اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق ترک ڈرامہ سیریز عثمان غازی المعروف کورولش عثمان میں قونیہ محل کے ایک اہم سپاہی کا کردار نبھایا تھا۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو آنے والے زلزلے سے اموات کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔