واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکی حکومت نے شامی حکومت اور ملک میں موجود تمام فریقوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک کے شہریوں کی مددکیلئے فوری انسانی امداد کے داخلے پر رضامند ہوجائیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام انسانی امداد کو تمام سرحدی گزرگاہوں سے داخل ہونے کی اجازت دی جانی چاہیے اور بغیر کسی تاخیر کے تمام متاثرہ علاقوں میں امداد تقسیم کی جانی چاہیے۔
امریکی حکومت نے شامی حکومت کے صدر بشار الاسد سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے تمام ضرورت مندوں کو انسانی امداد تک فوری رسائی فراہم کریں، بشار الاسد انسانی امداد کی فراہمی کے لیے ایک جامع مینڈیٹ فراہم کریں۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ اس انسانی بحران میں شامی عوام کے ساتھ کھڑا ہے، صدر بائیڈن نے واضح کیا ہے کہ امریکہ شامی عوام کو ہر قسم کی امداد اور ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے ۔
یہ بھی پڑھیں :ترکیہ اور شام میں زلزلہ، ہلاکتیں 50ہزار سے بڑھنے کا خدشہ ہے : اقوام متحدہ
خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں سے اپوزیشن کے زیر کنٹرول علاقوں میں امداد کی منتقلی میں مشکلات کا سامنا ہے، یہ مسئلہ امدادی کارکنوں کے لیے ایک اضافی چیلنج بن گیا ہے۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کا ایک نیا قافلہ اتوار کے روز ترکیہ سے شام میں زلزلہ کے متاثرین کے لیے انتہائی ضروری امداد لے کر داخل ہوا تھا۔