ترکیہ اور شام میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 34 ہزار سے متجاوز

Published On 13 February,2023 06:37 am

انقرہ : ( ویب ڈیسک ) ترکیہ اور شمال مغربی شام میں آنے والے زلزلے سے اموات کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، تباہ حال عمارتوں کے ملبے سے نعشوں اور زخمی افراد کو نکالنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ میں ہلاکتوں کی تعداد 29,605 ہو گئی ہے جبکہ شام میں 5,237 سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، ترکیہ میں 140 گھنٹے بعد 7 ماہ کے بچے ، 136 گھنٹے بعد 13 سال کی لڑکی اور ایک عمارت کے ملبے سے 70 سال کی ترک خاتون کو نکال لیا گیا ہے۔

دوسری جانب ترکیہ پولیس نے عمارتوں کی ناقص تعمیرات میں ملوث افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے ٹھیکیداروں سمیت 12 افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ مزید گرفتاریوں کی بھی توقع ہے۔

علاوہ ازیں ترکی اور آرمینیا کے درمیان سرحدی گزرگاہ 35 سالوں میں پہلی بار دوبارہ کھول دی گئی ہے تاکہ امداد کی آمدورفت آسان بنائی جا سکے۔

قبل ازیں اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ شام میں زلزلے کے بعد 5.3 ملین تک لوگ بے گھر ہو سکتے ہیں جبکہ ترکی اور شام میں تقریباً 900,000 افراد کو فوری طور پر گرم خوراک کی ضرورت ہے۔ 

Advertisement