اسلام آباد: (دنیا نیوز) این ڈی ایم اے نے زلزلہ سے متاثرہ ترکیہ اور شام کیلئے امداد کے پیکیج کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس منعقد کیا جس کی صدارت احسن اقبال نے کی۔
اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، ترکیہ کے سفیر مہمت پیکاسی، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید، شام میں پاکستان کے سفیر، ڈی جی این ایل سی ایئر مارشل (ر) شاہد اختر، وزارت صحت، وزارت اطلاعات و نشریات، پاک بحریہ اور پی ڈی ایم اے کے نمائندوں نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے زلزلہ سے متاثرہ ممالک کی فوری امداد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی اپیل پر متاثرین کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کیلئے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں فنڈ ریزنگ مہم بھی چلائی گئی ہے، یہ مہم سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں شروع کی گئی ہے۔
اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ اتھارٹی نے بالترتیب 162 ٹن اور 9 ٹن امدادی سامان ترکیہ اور شام روانہ کیا ہے جبکہ 447 ٹن کی امدادی کھیپ مشترکہ طور پر این ایل سی ٹرکوں کے ذریعے دونوں ممالک روانہ کی گئی ہے، اس کھیپ میں زلزلہ متاثرین کی موجودہ ضرورت کے مطابق بڑے سائز کے موسم سرما کے خیمے اور کمبل شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا طیارہ مزید 5 ٹن امدادی سامان لے کر ترکیہ پہنچ گیا
انہوں نے مزید کہا کہ پاک آرمی یو ایس اے آر ٹیم اور ریسکیو 1122 کی ٹیم نے ترکیہ میں کئی ریسکیو آپریشنز کیے ہیں، ڈبل پلائی ٹینٹ پر مشتمل 195 ٹن کی کھیپ اور 1600 ٹن فوڈ بیگز کی خریداری کا عمل جاری ہے جو آنے والے دنوں میں این ایل سی ٹرکوں اور پاک بحریہ کے جہازوں کے ذریعے دونوں ممالک کو روانہ کیا جائے گا۔
ترکیہ کے سفیر نے امدادی سرگرمیوں کو اولین ترجیح دینے پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا، سفیر نے ترکیہ کی جانب سے اضافی انسانی امداد بھیجنے کی درخواست بھی ظاہر کی جس میں جدید خیمے، سولر بیٹریز اور جنریٹرز شامل ہیں۔