لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ و ماڈل مدیحہ افتخار شوبز کے ان ستاروں میں سے ہیں جو کبھی کبھی چمکتے ہیں لیکن اپنے کام کی روشنی چھوڑ جاتے ہیں۔
اداکارہ 2018 کے بعد ایک بار پھر شوبز سے دور ہوگئی تھیں تاہم کئی سالوں بعد حال ہی میں اداکارہ کو ایک نجی ٹی وی ڈرامے میں دیکھا گیا جس پر اداکارہ نے ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو بھی کی ہے۔
دوران شو میزبان نے مقبولیت کے عروج پر ہونے کے باوجود اداکارہ سے شوبز چھوڑنے سے متعلق سوال کیا جس پر مدیحہ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی اداکار اداکاری نہیں چھوڑ سکتا، میں خود بھی پہلے اس بات پر یقین نہیں رکھتی تھی لیکن اب مجھے بھی یقین ہوگیا ہے کہ ایسا ہی ہے، بطور اداکار ہم کبھی کبھی ذہنی طور پر اداکاری سے تھک جاتے ہیں تو اداکاری چھوڑنے کا سوچتے لیکن پھر بھی اداکاری کو خیر آباد بھی نہیں کہہ پاتے۔
مدیحہ افتخار کے مطابق جب میں اداکاری کر رہی تھی اس دوران سوچا کہ بس اب بہت ہو گیا اب شادی کر لینی چاہیے تاکہ دیکھ سکوں کہ پورا دن لوگ سوتے کیسے ہیں؟ موویز کیسے دیکھتے ہیں ؟ اور گھر کیسے انجوائے کرتے ہیں؟ لہٰذا میں نے شادی کر لی، شادی کے بعد شوہر نے کہا کام کرلو میں نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ مجھے گھر انجوائے کرنا ہے، دو اڑھائی سال بعد مجھے احساس ہوا کہ مجھے کام کرنا چاہیے، میں نے ایک پراجیکٹ کیا اس کے بعد پھر غائب ہو گئی اور اب حال ہی میں شوبز میں واپس آئی ہوں۔
واضح رہے کہ اداکارہ مدیحہ افتخار نے 2015 میں شادی کے بعد شوبز سے کنارہ کشی کرلی تھی تاہم 2018 میں اداکارہ نے کئی سالوں بعد ایک پراجیکٹ کے ذریعے شوبز میں انٹری دی لیکن ایک پراجیکٹ کے بعد ایک بار پھر کئی سالوں کیلئے سکرین سے غائب ہوگئیں جس کے بعد اب اداکارہ کو حال ہی میں اب ٹی وی سکرین پر دیکھا گیا ہے۔