خلاصہ
- لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی ماڈل اور ٹی وی اداکارہ حنا آفریدی اور تیمور اکبر شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
خوبصورتی، سادگی اور وقار سے بھرپور اس تقریب میں دونوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر نئی زندگی کا آغاز کیا جس کے بعد ان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
شادی کے موقع پر حنا آفریدی نے نہایت دلکش اور باوقار انداز اپنایا جبکہ تیمور اکبر بھی سادہ مگر شاندار لک میں نظر آئے، دونوں کے ’’قبول ہے‘‘ کہتے ہوئے حسین لمحات سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
حنا آفریدی نے کم عرصے میں ماڈلنگ اور اداکاری کے شعبے میں اپنی منفرد پہچان بنائی، وہ کئی مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں اور ان دنوں اپنے حالیہ پراجیکٹ میں شاندار پرفارمنس پر خوب داد سمیٹ رہی ہیں۔
گزشتہ ماہ انہوں نے انسٹاگرام پر ایک خوبصورت پوسٹ کے ذریعے تیمور اکبر کے ساتھ اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد مداح بے تابی سے ان کی شادی کے منتظر تھے۔
شادی کی خوشخبری سامنے آتے ہی شوبز حلقوں اور مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے، تصاویر کو مختصر وقت میں لاکھوں افراد نے پسند کیا جبکہ اداکار سمیع خان، ایمن خان سمیت کئی معروف شوبز شخصیات نے بھی جوڑے کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا ہے۔