کیارا ایڈوانی کا ’ لال سنگھ چڈھا ‘ کیلئے آڈیشن دینے کا انکشاف

Published On 18 July,2023 06:44 am

ممبئی : ( ویب ڈیسک ) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کیارا ایڈوانی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ’ لال سنگھ چڈھا ‘ کے لئے آڈیشن دیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیارا ایڈوانی نے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے برسوں پہلے عامر خان کی فلم لال سنگھ چڈھا کے لیے آڈیشن دیا تھا، اگرچہ اداکارہ نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے فلم میں کس کردار کے لئے آڈیشن دیا لیکن بظاہر یہ لیڈنگ رول کیلئے تھا جسے بعد میں معروف اداکارہ کرینہ کپور نے ادا کیا۔

یاد رہے کہ فلم لال سنگھ چڈھا میں عامر اور کرینہ ایک ساتھ نظر آئے تھے لیکن فلم باکس آفس پر بڑا بزنس کمانے میں ناکام رہی۔

انٹرویو کے دوران کیارا ایڈوانی نے بتایا کہ میں نے لال سنگھ چڈھا کے لیے آڈیشن دیا لیکن اس وقت میں نہیں جانتی تھی کہ فلم کا نام کیا ہوگا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ کاسٹنگ فلم سازی کا ایک اہم حصہ ہے اور صحیح کاسٹ فلم کی قدر بڑھا سکتی ہے، یہ اس بارے میں نہیں ہے کہ کون بہتر اداکار ہے بلکہ یہ اس بارے میں ہے کہ کون اس حصے کے لیے زیادہ موزوں ہے، یہ ہمیشہ ٹیم ورک ہوتا ہے اور فلم کے لیے صحیح کاسٹ حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آڈیشن دینا اچھی بات ہے کیونکہ یہ جان کر اچھا لگتا ہے کہ آیا آپ اس حصے کے لیے موزوں ہیں یہ نہیں۔