صبا قمر کو سب سے خوبصورت اداکارہ مانتا ہوں: محمود اسلم

Published On 29 October,2023 07:55 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اور معروف اداکار محمود اسلم نے صبا قمر کو خوبصورت ترین اداکارہ قرار دے دیا۔

حال ہی میں اداکار محمود اسلم نے غیر ملکی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔

میزبان کی جانب سے ایک سوال کے جواب میں محمود اسلم نے اداکارہ بشری انصاری کو پسندیدہ اداکارہ قرار دیا جبکہ سہیل احمد کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ ایک ورسٹائل اداکار ہیں ، صبا قمر سے متعلق انہوں نے کہا کہ صبا انڈسٹری کی خوبصورت ترین اداکارہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں کافی عرصے سے کراچی میں مقیم ہوں مگر لاہور کی یادوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکا ، پرانے دوستوں کی بیٹھکیں آج بھی یاد آتی ہیں اور جب بھی لاہور آؤں تو اپنے پرانے علاقے سنت نگر ضرور جاتا ہوں جہاں بچپن کے کچھ دوستوں سے ملاقات ہو جاتی ہے ، زیادہ تر دوست علاقہ چھوڑ کر دوسری جگہوں پر منتقل ہو چکے ہیں ۔

شوبز کیریئر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محمود اسلم کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈرامہ سیریل" جنجال پورہ" میں خواجہ سرا کا کردار ادا کیا تھا، اس سے قبل کبھی بھی پی ٹی وی میں خواجہ سرا کا کردار کسی کو نہیں ملا تھا ، اس کردار میں میرا نام "ریما" تھا اور اس ڈرامہ سیریل نے ریکارڈ ساز مقبولیت حاصل کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں بننے والے "بلبلے" میں بھی میرے کردار نے تاریخی شہرت حاصل کی اور اس میں میرا اصل نام محمود ہی رکھا گیا، جہاں بھی کہیں آنا جانا ہو تو بچے مجھے محمود انکل کہہ کر میرے اردگرد گھیرا ڈال لیتے ہیں اور میرے ساتھ سیلفیاں بناتے ہیں، میں سمجھتا ہوں پرستاروں کی وجہ سے لوگ سٹار بنتے ہیں ، ہمیں انہیں عزت دینی چاہیے۔