لاہور: (ویب ڈیسک) کم عمری میں ہی اداکاری اور ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھنے والی اداکارہ فضا علی نے شوہر سے علیحدگی کے بعد شوبز کو خیرباد کہنے کی وجوہات کا انکشاف کردیا۔
فضا علی نے حال ہی میں ایک مارننگ شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی ناکام ازدواجی زندگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سابق شوہر کا دفاع کیا۔
اداکارہ نے سابق شوہر سے متعلق کہا کہ وہ بہت اچھے انسان تھے، ان کی جانب سے مجھ پر کوئی تشدد نہیں کیا گیا لیکن ہم میاں بیوی کے طور پر ایک ساتھ نہیں رہ سکتے تھے۔
ان کے مطابق انہوں نے طلاق کے بعد شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا تھا کیونکہ ان کے سابق شوہر کو شوبز سے تقریباً سب ہی جانتے تھے۔
اداکاری کو خیرباد کہنے کی وجہ کا انکشاف کرتے ہوئے فضا نے کہا کہ فواد سے علیحدگی کے بعد میں جب بھی سیٹ پر جاتی تھی تو سب آ کر فواد کو میرے سامنے برا بھلا کہتے تھے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میرے فواد کے ساتھ جو بھی مسئلے مسائل تھے لیکن کسی دوسرے کو ان کے بارے میں کچھ بھی کہنے کا کوئی حق نہیں۔
انہوں نے علیحدگی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے اور سابق شوہر کے درمیان چیزیں صحیح نہیں ہورہی تھیں، فواد کی فیملی بہت اچھی تھی لیکن وہ کبھی بھی ایک جوڑے کے طور پر آباد نہیں ہو سکتے تھے اس لیے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔