لاہور: (ویب ڈیسک) معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا ہے کہ وہ غزہ کے حالات دیکھ کر اسلام کے مزید قریب ہوگئی ہیں۔
اپنے ایک انٹرویو کے دوران کیریئر کے نقصان کی پرواہ کیے بغیر سوشل میڈیا پر فلسطین کے حق میں کُھل کر بات کرنے کے بارے میں اُشنا شاہ نے کہا کہ مجھے معلوم تھا کہ میں جب اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں بولوں گی تو سب سے پہلے ملٹی نیشنل کمپنیاں مجھے پراجیکٹس دینا بند کردیں گی اور مجھے انسٹاگرام پر شیڈو بین کردیا جائے گا۔
اداکارہ نے کہا کہ ہم اسلام سے دور ہورہے تھے لیکن غزہ کی وجہ سے میں اور دیگر مسلمان بھی اسلام کے مزید قریب آگئے ہیں جبکہ کئی غیرمسلم لوگوں نے بھی اسلام قبول کرلیا ہے، اُنہوں نے کہا کہ میں نے فلسطین کے حالات دیکھنے کے بعد عُمرہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا اور اب عُمرے کی ادائیگی کے بعد بھی انگریزی زبان میں قرآن پاک کا ترجمہ پڑھ رہی ہوں۔