فیروز خان اور بھارتی اداکارہ کے درمیان تعلقات کی خبریں سر گرم

Published On 31 January,2024 07:51 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان فلم و ڈراما انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان کی بھارتی اداکارہ گتھیکا تیواری کے ساتھ ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد دونوں کے درمیان تعلقات کی خبروں نے زور پکڑ لیا ہے۔

رواں سال کے آغاز میں فیروز خان نےتامل اور ہندی فلموں کی اداکارہ و ماڈل گتھیکا تیواری کے ہمراہ فیچر فلم کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سے سوشل میڈیا پر اکثر دونوں کی ویڈیوز اور تصاویر منظرِ عام پر آتی ہیں۔

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر فیروز خان اور بھارتی اداکارہ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دونوں کار میں بیٹھے تھے اور فیروز خان کافی خوش نظر آرہے تھے،سوشل میڈیا پر وائرل یہ ویڈیو فیروز خان اور گتھیکا تیواری کی نئی فیچر فلم کی شوٹنگ کے سیٹ پر بنائی گئی تھی۔

اس ویڈیو کے بعد مداحوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر گتھیکا تیواری کو سرچ کیا تو معلوم ہوا کہ بھارتی اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل سے صرف ایک اکاؤنٹ فالو کیا ہوا ہے اور وہ فیروز خان کا اکاؤنٹ ہے۔

فیروز خان کے مداحوں نے اپنی طرف سے اندازے لگاتے ہوئے پوچھا کہ کیا یہ ہماری نئی بھابھی ہیں؟ جبکہ کچھ بھارتی مداحوں نے گھتیکا تیواری سے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ آپ کو فیروز خان سے محبت ہوگئی ہے۔

تاہم سوشل میڈیا پر زیرِ گردش خبروں پر فیروز خان اور بھارتی اداکارہ گتھیکا تیواری نے کوئی ردعمل نہیں دیا۔