نازش جہانگیر دل توڑنے کے سوال پر شرما گئیں، ارینج میرج کا عندیہ

Published On 03 May,2024 12:23 pm

لاہور: (فہیم حیدر) پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ نازش جہانگیر دل توڑنے کے سوال پر شرما گئیں اور ساتھ ہی ارینج میرج کا عندیہ بھی دے دیا۔

حال ہی میں نازش جہانگیر ساتھی اداکار خوشحال خان کے ساتھ دنیا نیوز کے مزاحیہ پروگرام "مذاق رات" میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی آنے والی رومانوی مزاحیہ فلم پوپی کی ویڈنگ سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران جب نازش جہانگیر سے دل ٹوٹنے کا پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ان کا دل کبھی نہیں ٹوٹا اور اسی وجہ سے ہی آج وہ زندہ ہیں اور پروگرام میں موجود ہیں۔

تاہم جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے کبھی کسی کا دل توڑا تو وہ شرما گئیں اور انہوں نے کوئی بھی جواب نہیں دیا۔

شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر نازش جہانگیر کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ وہ ارینج میریج کریں گی۔

اسی پر نازش جہانگیر نے واضح کیا کہ اگر انہیں کوئی لڑکا پسند آگیا تو ان کے گھر والے اس پر راضی ہو جائیں گے لیکن اگر ان کے اہل خانہ نے پہلے لڑکا دیکھ لیا تو بھی وہ گھر والوں کی پسند پر رضا مند ہوجائیں گی۔

دوسری طرف دوران پروگرام خوشحال خان نے بتایا کہ انہیں یک طرفہ محبت اچھی لگتی ہے کیونکہ اس میں محبت کرنے والے شخص کی اپنی مرضی ہوتی ہے کہ وہ جس سے محبت کرتا ہے اس متعلق جتنا اور جیسے چاہے سوچے۔

اداکار نے شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ انہیں مستقبل کا علم نہیں کہ وہ پسند کی شادی کریں گے یا گھر والوں کی مرضی سے کریں گے اور ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ان کا بھی دل کبھی نہیں ٹوٹا۔