لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی سٹینڈ اپ کامیڈین و ٹی وی ہوسٹ تابش ہاشمی نے دوران پروگرام اداکارہ مریم نفیس سے ذومعنی مذاق کرنے پر پشمیانی کا اظہار کیا ہے۔
حال ہی میں تابش ہاشمی ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
پوڈ کاسٹ کےدوران میزبان نے تابش سے سوال کیا کہ کیا کبھی پروگرام کے دوران آج تک کا ایسا کون سا لمحہ تھا جب آپ کو محسوس ہوا کہ مجھے یہ بات نہیں کہنی چاہیے تھی؟
سوال کا جواب دیتے ہوئے تابش ہاشمی نے کہا کہ حال ہی میں میری بہترین دوست مریم نفیس کو دورانِ شو میں نے کچھ ایسا کہہ دیا جس کا مجھے بعد میں افسوس ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نفیس سے میرا اچھا مذاق ہے، ہم دونوں کے درمیان اچھی دوستی ہے جب کہ مریم نفیس کے شوہر سے بھی میرے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں۔
تابش ہاشمی نے کہا کہ مذاق اپنی جگہ لیکن مجھے پروگرام کے دوران مریم سے ایسا مذاق نہیں کرنا چاہیے تھا، شور شرابے کے دوران میں جذبات میں آگیا اور اسی دوران میں نے غلطی سے مریم نفیس سے ذو معنی سوال کرلیا جو کہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھ سے یہ بھی غلطی ہوئی کہ میرا سوال براہ راست شو میں نشر تو ہوگیا لیکن یوٹیوب سمیت دیگر سوشل میڈیا پیجز پر بھی مذکورہ کلپ کو شیئر کردیا گیا حالانکہ اسے ایڈٹ کرکے کاٹ لینا چاہیے تھا۔