فلم ’نابالغ افراد‘ کے مختصر ٹیزر نے شائقین کے دل موہ لئے

Published On 09 June,2024 08:56 am

لاہور: (ویب ڈیسک) عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’نابالغ افراد‘ کا مختصر ٹیزر جاری کر دیا گیا، جسے دیکھ کر شائقین خوش دکھائی دیئے۔

مختصر دورانیے کے ٹیزر میں صرف عاشر وجاہت اور ثمر جعفری کے کرداروں کو دکھایا گیا ہے اور اس سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے۔

ٹیزر سے عندیہ ملتا ہے کہ دونوں اداکار فلم میں زمانہ طالب علمی کے دور میں بھی دکھائی دیں گے جبکہ وہ شہرت اور دولت حاصل کرنے کیلئے الٹے سیدھے کام بھی کرتے دکھائی دیں گے۔

فلم کے ہدایت کار نبیل قریشی نے گزشتہ ماہ مئی کے اختتام پر انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ ’نابالغ افراد‘ کو عید پر ریلیز کیا جائے گا، فلم کو نبیل قریشی نے ازائم الفریزہ کے ساتھ مل کر پروڈیوس کیا ہے اور اسے اپنے ہی پروڈکشن ہاؤس فلم والا پکچر کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کی کاسٹ میں عاشر وجاہت، ثمر جعفری سمیت رمحہ احمد سمیت دیگر اداکار شامل ہیں، فلم کی نصف کاسٹ نئی نسل پر مبنی ہے، جن کی عمریں 15 سے 25 سال کے درمیان ہیں جبکہ نصف کاسٹ سینئر اداکاروں پر مبنی ہے۔

کامیڈی فلم میں معراج سلیم، مانی، راشدہ تبسم اور فائزہ احسن سمیت دیگر اداکار بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔