لاہور: (دنیا نیوز) سوشل میڈیا سٹار چاہت فتح علی خان کو استاد نصرت فتح علی خان کو بدنام کرنے پر 18 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس جاری کردیا گیا۔
قانونی نوٹس قیصر منیر خان کی جانب سے میاں محمد عمیر نیاز نے چاہت فتح علی خان کی برطانیہ رہائش گاہ پر بھیجا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر چاہت فتح علی خان 15 دن کے اندر جواب دینے میں ناکام رہے تو عدالت میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا جائے گا، چاہت علی خان کی گائیکی نے فیصل آباد کے لوگوں کو ناراض کیا ہے۔
لیگل نوٹس میں چاہت فتح علی خان پر نصرت فتح علی خان کا نام بدنام کرنے اور فیصل آباد کے عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے ساتھ ساتھ کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
لیگل نوٹس کے مطابق چاہت فتح علی خان نے خود کو نصرت فتح علی خان کا رشتہ دار ہونے کا جھوٹا دعویٰ کیا اور ان کی گلوکاری نے نصرت فتح علی خان کی وراثت کو نقصان پہنچایا ہے۔
قانونی نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ چاہت فتح علی خان سوشل میڈیا پر معافی مانگیں اور اگر وہ 15 دن کے اندر جواب دینے یا معافی مانگنے میں ناکام رہے تو قانونی کارروائی اور 18 کروڑ روپے کے ہتک عزت کے مقدمے کی پیروی کی جائے گی۔