لاہور: (ویب ڈیسک) مقبول ترین ڈرامہ سیریل ‘خئی’ میں ‘آپانا’ کے کردار سے شہرت پانے والی پاکستانی اداکارہ و ماڈل ماہ نور حیدر نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے والدین کی وجہ سے برقع پہننا چھوڑ دیا تھا۔
حال ہی میں ماہ نور حیدر نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے بتایا کہ برقع پہننے پر انہیں کونسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ماہِ نور حیدر نے کہا کہ میرے گھر میں سب نمازی پرہیزگار ہیں لیکن میرے گھر میں پردہ کرنے کا کوئی رواج نہیں، میرے گھر کی خواتین برقع نہیں پہنتیں اور نہ ہی سر پر دوپٹہ اور چادر لیتی ہیں لیکن میں نے 2009 میں برقع پہننا شروع کیا تھا۔
اداکارہ نے کہا کہ میں اس وقت نویں جماعت میں زیرِ تعلیم تھی تو میں پہلی بار برقع پہن کر اپنے والد صاحب کے سامنے گئی، میرا خیال تھا کہ والد صاحب مجھے برقع میں دیکھ کر فخر محسوس کریں گے لیکن انہوں نے مجھے دیکھ کر قہقہے لگائے اور پھر کہا کہ یہ کیا منافقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے والد صاحب کے ردعمل کا مطلب اب سمجھ آیا ہے، وہ یہ چاہتے تھے کہ میں پہلے اندرونی طور پر خود کو بہتر کروں اور اس کے بعد ظاہری طور پر خود کو تبدیل کروں۔
ماہِ نور حیدر نے کہا کہ اس کے بعد میں نے برقع پہننا چھوڑ دیا تھا کیونکہ میرے دوستوں نے بھی میرا بہت مذاق اڑایا تھا اور میری والدہ کو میرا برقع پہننا پسند نہیں تھا۔