لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف لکھاری اور ڈرامہ نگار خلیل الرحمن قمر نے کہا ہے کہ مجھے اغوا کرنے والوں نے اداکار نعمان اعجاز اور اداکارہ صبا قمر کا نام لیا تھا۔
حال ہی میں خلیل الرحمان ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنے اغوا اور اس دوران پیش آنے والے واقعات کی روداد سنائی۔
پوڈ کاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے خلیل الرحمان قمر نے بتایا کہ میں شروع میں اغوا کی ایف آئی آر اس لیے درج نہیں کروانا چاہتا تھا کیونکہ اغوا کاروں نے نعمان اعجاز اور صبا قمر کا نام لیا تھا لیکن میں جانتا ہوں نعمان اعجاز اور صبا قمر ایسے لوگ نہیں کہ وہ ایسا کام کریں۔
انہوں نے نعمان اعجاز سے ایک بار پھر نفرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نعمان اعجاز سے نفرت ہے لیکن وہ بہت اچھے اداکار ہیں جبکہ صبا قمر سے بھی اختلافات ہونے کے باوجود میں ان کی اداکاری کا مداح ہوں۔
خلیل الرحمان نے قمر نے اغوا کے روداد سناتے ہوئے بتایا کہ جس رات میں خاتون سے ملنے گیا اس رات خاتون نے ضد کر کے مجھے گھر آنے کا کہا، میں عام طور پر پابندی سے فجر کی نماز نہیں پڑھتا لیکن اس صبح نماز فجر ادا کرنے کے بعد خاتون سے ملنے گیا اور 4 بج کر 40 منٹ پر ان کے گھر پہنچا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب میں وہاں پہنچا تو خاتون گھر میں اکیلی تھیں لیکن میرے پہنچنے کے کچھ دیر بعد گھر کی گھنٹی بجی اور خاتون نے مجھے بتایا کہ انہوں نے پارسل منگوایا تھا، خاتون نے جیسے ہی دروازہ کھولا تو وہاں متعدد افراد گھس آئے جنہوں نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا۔