بھارتی اداکار شاہ رخ خان کو فون کال پر قتل کی دھمکی

Published On 08 November,2024 05:09 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) معروف بھارتی اداکار شاہ رخ خان کو قتل کر دینے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کو دھمکی آمیز کال موصول ہونے کے بعد ممبئی پولیس نے مقدمہ درج کر لیا، ممبئی میں شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس کو دھمکی آمیز کال موصول ہوئی، جس میں انہیں جان سے مار نے کی دھمکی دی گئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق آنے والی فون کال جس نمبر سے آئی وہ چھتیس گڑھ کے علاقے رائے پور میں فیضان کے نام سے رجسٹرڈ اور فعال ہے، شاہ رخ خان کی ٹیم نے اس حوالے سے ممبئی پولیس باندرہ سٹیشن میں مقدمہ درج کرا دیا۔

پولیس کے مطابق رائے پور چھتیس گڑھ کے رہنے والے فیضان نامی نوجوان نے مبینہ طور پر 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ بھی کیا۔

میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا کہ کال 5 نومبر کو دوپہر 1:20 پر کی گئی تھی اور اس کی لوکیشن ایک فعال فون نمبر کے ذریعے ٹریس کی گئی تھی، فون کرنے والے نے تاوان ادا نہ کرنے پر خان کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں بھی شاہ رخ خان کو ان کی فلموں پٹھان اور جوان کی کامیابی کے بعد جان سے مارنے کی دھمکی ملی تھی جس کی وجہ سے ممبئی پولیس نے ان کی سکیورٹی کو بڑھا دیا تھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بالی وڈ کے سُپرسٹار سلمان خان کو بھی لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے ایک بار پھر قتل کی دھمکی موصول ہو چکی ہے۔