لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ ریما خان نے مصنف ناصر ادیب کی جانب سے خود سے متعلق دیے جانے والے بیان پر خاموشی توڑ دی۔
چند روز قبل ناصر ادیب نے ایک نجی ٹی وی کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلم کی کاسٹ کیلئے 2 اداکاراؤں کی ضرورت تھی، ریما خان کو دکھایا گیا، جو مجھے پسند نہیں آئیں، ہم نے کوئی جواب نہیں دیا اور ریما کو فلم میں لینے سے انکار کر دیا۔
ناصر ادیب کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا جس پر انہیں ناصرف صارفین بلکہ دیگر اداکاروں کی جانب سے بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
اب ریما خان نے بھی معروف مصنف کے بیان پر خاموشی توڑتے ہوئے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنا ردعمل دیا ہے۔
اپنی پوسٹ میں ریما خان نے لکھا کہ اپنے آپ کو اشرف المخلوقات اس وقت کہیں جب آپ کے شر سے باقی مخلوق محفوظ ہو۔
ریما خان ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ " اللہ تعالی نے ہم پر بہت احسانات کیے ہیں اور سب سے بڑا احسان اس نے تین چیزوں کا اختیار اپنے پاس رکھا ہے، ایک زندگی اور موت، رزق اور تنگدستی اور تیسری عزت اور ذلت، اگر یہ اختیار انسان کے پاس ہوتا تو وہ اپنے سوا ہر ایک کو بےعزت کر دیتا، جو ہم دیکھتے بھی ہیں"۔
انہوں نے مزید کہا کہ " اس لیے جو لوگ اللہ کے اختیارات کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کرتے ہیں ان کی دنیا اور آخرت خراب ہوتی ہے، ہمیں دعا کرنی چاہیے کہ اللہ ہمیں اچھا انسان بنائے"۔