نئی دہلی: (ویب دیسک) پنجابی موسیقی کے مشہور گلوکار سدھو موسے والا کے چھوٹے بھائی شُبھدیپ سنگھ سدھو کی پہلی سالگرہ کا دھوم دھام سے اہتمام کیا گیا جس میں پنجاب کے سابق وزیرِ اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی نے بھی شرکت کی۔
گلوکار سدھو موسے والا کو 2022ء میں قتل کر دیا گیا تھا، لیکن وہ آج بھی لاکھوں مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں، ان کی موت کے بعد ان کے والدین کے ہاں گزشتہ برس ایک بیٹے کی پیدائش ہوئی تو گلوکار کے مداح خوشی سے جھوم اُٹھے اور کھلے دل سے ننھے مہمان کا استقبال کیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں ہولی کے سے ساتھ ساتھ ننھے شُبھدیپ سنگھ سدھو کی پہلی سالگرہ منائی گئی۔
سالگرہ کی تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں، آنجہانی گلوکار کے بھائی کی پہلی سالگرہ میں خاندان کے افراد اور سابق وزیر ِاعلیٰ نے شرکت کی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں چھوٹے سدھو گلابی پگڑی کے ساتھ سیاہ کرتہ پاجامہ میں ملبوس نظر آ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ سدھو موسے والا کے والدین نے نومبر 2023ء میں انسٹاگرام پر اپنے دوسرے بیٹے شُبھدیپ سنگھ سدھو کی پہلی تصویر شیئر کی تھی، بعد میں ایک ویڈیو کے ذریعے شُبھدیپ کا تعارف بھی کروایا گیا تھا، جس میں سدھو، ان کے والدین بلکور اور چرن کور کی تصاویر شامل تھیں اور آخر میں شُبھدیپ نظر آرہا تھا۔
واضح رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو پنجاب کے ضلع مانسا کے جواہرکے گاؤں میں قتل کر دیا گیا تھا۔