ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کلکی کیکلا نے کہا ہے کہ ایک مرتبہ وہ پروڈیوسر سے اتنا پریشان ہوئیں کہ دل چاہا کانٹا انکے پیٹ میں مار دیں۔
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کلکی کیکلا نے ایک حالیہ انٹرویو میں اس وقت کا ذکر کیا جب ایک پروڈیوسر نے ان سے کہا کہ وہ اپنی مسکراہٹ کی لکیروں کو ٹھیک کرنے کے لیے فلرز لگوائیں۔
کلکی کا کہنا تھا کہ وہ اپنی جھریوں سے مطمئن ہیں اور اپنی شکل و صورت کو بدلنے کی کوئی خواہش نہیں رکھتیں۔
انٹرویو میں کلکی نے انکشاف کیا کہ ایک پروڈیوسر نے انہیں چہرے پر فلرز لگوانے کا مشورہ دیا، یہ پروڈیوسر اپنی سابقہ گرل فرینڈ (جو کہ ایک معروف اداکارہ تھی) کے زیادہ بوٹاکس کروانے پر طنز بھی کر رہا تھا۔
کلکی کا کہنا تھا کہ وہ کہنے لگا کہ تمہیں بس مسکراہٹ کے باعث چہرے پر بننے والی لکیروں کے لیے ہلکا سا فلر لگوانے کی ضرورت ہے، اس پر میرا دل چاہا کہ میں کانٹا انکے پیٹ میں گھونپ دوں کیونکہ اس وقت ہم دوپہر کے کھانے پر تھے لیکن میں نے خود پر قابو پایا اور جواب دیا کہ تو مجھے کم ہنسنا اور کم مسکرانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا طریقہ ہمیشہ چیزوں کو ہلکے انداز میں لینا اور مزاح کے ساتھ جواب دینا رہا ہے، آج کی خواتین پر خوبصورتی کے غیر حقیقی معیارات پورا کرنے کا دباؤ پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گیا ہے۔