لاہور: (محمد اشفاق) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے اور اغوا برائے تاوان کیس کا فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے مجرمہ آمنہ عروج، ممنون حیدر اور ذیشان کو 7، 7 سال قید کی سزا سنا دی، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے فیصلہ سنایا، عدالت نے مقدمے کے مزید ملزمان کو مقدمے سے بری کر دیا۔
عدالت نے ملزموں کو تاوان مانگنے پر سزا سنائی، عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ملزموں پر اغوا کرنا ثابت نہیں ہوتا، 3 ملزموں کو 7، 7 سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔
مقدمہ کے مدعی خلیل الرحمان قمر کی جانب سے ایڈووکیٹ محمد مدثر چودھری پیش ہوئے، خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ اوراغوا کرنے کا واقع 15جولائی کو پیش آیا تھا اوا اس کامقدمہ 21 جولائی ء2024 کو درج کیا گیا، تھانہ سندر پولیس نے گیارہ ملزموں کے خلاف مقدمے کا چالان پیش کیا۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے نو ماہ میں کیس کا ٹرائل مکمل کیا پراسکیوشن کے 17 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے، پراسکیوشن کے گواہوں میں خلیل الرحمٰان قمر اور خلیل الرحمان قمر کا دوست، پولیس اور بینک کا عملہ شامل تھا۔